26نومبر احتجاج: زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع، راجا بشارت کی منظور

0 117

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں پی ٹی آئی ایم این اے زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی جبکہ پارٹی رہنما راجا بشارت کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے زرتاج گل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، زرتاج گل اپنی وکیل آمنہ علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے متعلقہ مقدمہ میں 5 مئی تک پی ٹی آئی ایم این اے کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔

کیس کی اگلی سماعت پر زرتاج گل کے وکلاء کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل دیئے جائیں گے، زرتاج گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

راجا بشارت

پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے 5 مئی تک راجہ بشارت کی 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔

جج طاہر عباس سپرا نے ہدایت کی کہ کیس کی اگلی سماعت سے پہلے شامل تفتیش ہو جائیں، اگر آپ شامل تفتیش نہیں ہوتے تو اگلی سماعت پر تمام ملزمان کی ضمانتوں پر تاریخ پڑ جائے گی۔

بشریٰ بی بی

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے کہا کہ میں آج تفتیشی کو ڈائریکشن کروں گا کہ شامل تفتیش کریں۔

عدالت میں بشریٰ بی بی کی جانب سے انصر کیانی ایڈووکیٹ اور شمسہ کیانی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.