بھارت نے جبری قید پاکستانیوں کو مقبوضہ کشمیر میں فیک انکاؤنٹرز میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنالیا

0 6

بھارتی فوج نے غیر قانونی اور جبری طور پر حراست میں رکھے گئے پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹر میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 56 پاکستانی بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی غیر قانونی، جبراً حراست میں ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرز میں مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ مختلف جیلوں میں رکھے جانے والے ان افراد کو مارنے کے بعد پاکستان کی طرف سے سرحد پار دہشت گرد قرار دیا جائے گا، بھارتی میڈیا کو ان افراد کی لاشیں اور پلانٹڈ ہتھیار وغیرہ کی ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا روایتی طریقے سے ان افراد کو پاکستان سے آنے والے دہشت گرد ظاہر کرے گا، چند افراد سے میڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات، اعتراف جرم کے بیان بھی دلوائے جا سکتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید پاکستانیوں کی تفصیلات بتا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر بھارت کے فالس فلیگ آپریشن میں 22 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بغیر شواہد کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کیے جس کا پاکستانی حکومت اور آرمی کی جانب سے بھرپور انداز میں جواب دیا جا رہا ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم پاکستان نے بھارت سمیت پوری دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی یا پاکستان کی ملکیت میں آنے والے پانی کو روکا تو ایسی طاقت سے جواب دیا جائے گا کہ تاریخ یاد رکھے گی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.