بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہےکہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، انہوں نے خود سے متعلق بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پرحیرانی کا اظہار کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بہنوں نے بھائی کو بتایا کہ آپ ان سے نہ ملیں جن کے نام فہرست میں شامل نہ ہوں، آپ سے جو لوگ ملتے ہیں وہ باتوں کو توڑ مروڑ کرپیش کرتے ہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کوئی ڈیل نہیں ہو رہی نہ کسی سےکوئی بات ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی طبیعت بلکل ٹھیک ہے، ان کی صحت بھی ٹھیک ہے، بانی پی ٹی آئی نے خود سے متعلق بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پرحیرانی کا اظہار کیا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں فیصل چوہدری سے پوچھا تم کیسے اندر آجاتے ہو؟ جو لوگ پچھلی ملاقات کے لیے گئے تھے انہوں نے جھوٹ بولا ہے، بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ مائنز اینڈ منزلزبل کے پی اسمبلی میں پیش نہیں ہوگا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ان کے پاس ملاقات کے لیے نہیں آتے، نواز شریف کی پوری کابینہ جیل اور لندن چلی جاتی تھی، بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کوئی پالیسی ان کے بغیر منظور نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کوئی اپیکس کمیٹی میں اجازت کے بغیر نہیں جائےگا، بانی پی ٹی آئی نے جنیداکبر کو ہدایت کی ہےکہ سارا فوکس تحریک پر رکھیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا لوگ اس وقت بھرپور تحریک چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے پر گورکھ پور ناکے پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا بھی ہوا۔ پولیس کی جانب سے عامر ڈوگر پر مبینہ تشدد کیا گیا۔
عمر ایوب اور ایس پی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ صحافیوں سے گفتگو میں عمر ایوب نےکہا کہ ہم اڈیالہ پہنچے تو پولیس نے ہمارے ساتھیوں کو حراست میں لیا ہوا تھا۔