بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 مقامات پر میزائل فائر کردیے جس میں سویلین آبادی اور مساجدکو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں 8 شہری شہید ہوگئے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ابتدائی طورپر تصدیق کی کہ بھارت نے پاکستان پر 6 جگہوں کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دشمن نےکوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ پر حملہ کیا، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارت کے بزدلانہ حملے میں 8 شہری شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ کوٹلی میں بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوئے جبکہ احمد پور میں 12 شہری زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے شرمناک حملہ کیا۔بھارت کے حملے کا جواب دیا جائےگا،میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایاجارہا ہے، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔
پاک فضائیہ نے 3 بھارتی طیارے مار گرائے
پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 3 جہاز مار گرائے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور پاک فضائیہ نے دشمن کے 3 جہاز گرا دیے گئے ہیں جب کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ گرایا گیا۔
برطانوی میڈٰیا کا کہنا ہےکہ پاکستان نے بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا ہے جب کہ سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا۔
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد مظفرآباد کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
مظفرآباد کے علاقہ شنوائی نالہ سے 2 بچیاں زخمی حالت میں سی ایم ایچ منتقل کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں بھی ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور پمز، پولی کلینک سمیت تمام اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔
اس سے قبل سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔
ایک، ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا:سکیورٹی ذرائع
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جاے گا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ابھی تک صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جاے گا۔
پاکستان کا بھارتی میزائل حملوں پر ردعمل
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال اور کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی فضائیہ نے بھارتی حدود سے اسٹینڈ آف ہتھیاروں سے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔
بھارتی وزارت دفاع کی پاکستان میں حملوں کی تصدیق
بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کردی ہے۔
بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔
ائیراسپیس بند، تمام پروازیں منسوخ
بھارت کی جانب سے حملے کے بعد ایئراسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی
22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوگئے تھے۔
بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اعلان کیا تھا۔
پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا۔