دنیا بھارت کے جنگی جنون کو سنجیدہ لے، خطے کے امن کو خطرہ ہے: پاکستان

0 6

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ دنیا بھارت کے جنگی جنون کو سنجیدہ لے، خطے کے امن کو خطرہ ہے۔

میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، عالمی برادری جواب دہ ٹھہرائے، بھارت نے دنیا کی جانب سے تحمل کی اپیل نظر انداز کرتے ہوئے 7 مئی کی رات جارحیت کا مظاہرہ کیا، بھارتی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے، بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کیا جبکہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، کیا دنیا سوشل میڈیا کی چند پوسٹس پر ایک ملک کو دوسرے پر حملے کی اجازت دے سکتی ہے؟

بھارتی سیکرٹری خارجہ کے غیر سفارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر ممکن ضبط و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، بھارتی اقدام نے دوجوہری قوتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات اٹھائے گا، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی اعلان کو پاکستان کیلئے بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت کروڑوں لوگوں کا پانی پر انحصار ہے، بھارت کا اسے معطل کرنا بین الاقوامی معاہدوں کو اہمیت نہ دینا ہے۔

شفقت علی خان نے یہ بھی بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 40پاکستانیوں کے قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا، بھارت کے دوسرے ممالک میں قاتل اسکواڈ کا سب کو علم ہے، ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ کے مقدمے کا فیصلہ بھارتی ہچکچاہٹ کی وجہ سے نہیں ہو سکا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.