سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 30 اسرائیلی ڈرونز ہمارے لئے کھلونوں سے کم حیثیت نہیں رکھتے، بھارت کا جموں و کشمیر پر حملے کا دعویٰ جھوٹا اور فریب ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی جارحیت پر دو ٹوک رد عمل دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلمان ہر نماز میں شہادت کی دعا کرتا ہے ہمیں موت کا نہیں، اللہ کی رضا کا شوق ہے، 30 اسرائیلی ڈرونز ہمارے لئے کھلونوں سے کم حیثیت نہیں رکھتے، تین آتشی ڈرونز بھی آ جائیں، پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا اور مرنا صرف اسلام اور پاکستان کیلئے ہے، بھارت کا جموں و کشمیر پر حملے کا دعویٰ جھوٹا اور فریب ہے، جموں و کشمیر پاکستان کا ہے، تھا اور ہمیشہ رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے ساتھ ہے، ہر قربانی کیلئے تیار ہے، اللہ وہ دن لائے جب ہم پرانے بدلے سود سمیت چکا دیں، نوجوانوں کی فوج تیار ہے، اپنی جان وطن پر نچھاور کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، ابھی صرف ہلکی پھلکی موسیقی بج رہی ہے، جنگ کا پکا راگ باقی ہے، اگر جنگ ہوئی تو دنیا دیکھے گی کہ پاکستان اپنی فوج کے ساتھ کیسا دفاع کرتا ہے۔