بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ

0 11

بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پہلگام حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے چلتے پاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کر دی تھیں۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ایک ماہ میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم اب پابندی مزید برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اعلان آج یا کل متوقع ہے، جس کے بعد نوٹم جاری کیا جائے گا۔

پابندی برقرار رہنے کی صورت میں بھارتی حکومت نے اگر ائیر لائنز کے مطالبات کے مطابق خصوصی مدد نہیں کی تو انہیں آپریشن برقرار رکھنے کیلئے غیر معمولی اور بڑے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ائیرلائنز کو صرف ایندھن کی مد میں لگ بھگ 500 کروڑ روپے کا جھٹکا لگا ہے جبکہ اسٹاپ اوور کے 30 دن کے اخراجات 3 ارب روپے لگائے گئے ہیں، ماہرین کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ 1 گھنٹے میں 6668 کلوگرام اور ائیر بس اے 319، 320 یا 321 طیارہ 1 گھنٹے میں اوسط 2400 کلوگرام ایندھن استعمال کرتا ہے، ایک کلوگرام جیٹ ایندھن کی اوسط قیمت اشاریہ 82 ڈالر ہے اور بھارت میں 6668 کلوگرام جیٹ ایندھن کی موجودہ قیمت 5467 ڈالر بنتی ہے، بوئنگ 777 یا 787 طیاروں کی یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں صرف ایندھن کی مد میں 4 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا اضافی خرچ پڑتا ہے، اسی طرح ائیر بس اے 319، 320 یا 321 طیارے کی ایک گھنٹے کی پرواز کا اضافی فیول 1968 ڈالر بنتا ہے اور یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں پر ایندھن کی مد میں 1 لاکھ 47 ہزار ڈالر کے اضافی اخراجات لگتے ہیں۔

بھارتی ائیر لائن کی پروازوں کو 2 سے 4 گھنٹے تک اضافی سفر کرنا پڑ رہا ہے مگر یہاں 150 گھنٹے کا حساب کتاب سامنے رکھا گیا ہے، بھارت سے امریکا، کینیڈا، یورپ، برطانیہ یا دیگر ممالک آنے جانے کیلئے 75 بوئنگ اور 75 ائیر بس طیاروں کے روزانہ 2 گھنٹے اضافی سفر پر 5 لاکھ 57 ہزار 625 ڈالر کا اضافی ایندھن جلانا پڑا ہے، ائیر انڈیا اور دیگر بھارتی ائیرلائنز کے صرف ایندھن کے اضافی اخراجات 5 ارب پاکستانی روپے بنتے ہیں، طویل روٹس کی بھارتی پروازوں کے عملے کو ڈیوٹی ٹائم دورانیے کی وجہ سے ٹرانزٹ ائیرپورٹس پر بدلنا پڑرہا ہے، ساتھ ہی 2 بار لینڈنگ، ری فیولنگ اور ائیرپورٹ چارجز کی مد میں یومیہ لاکھوں ڈالر دینے پڑرہے ہیں جس کے 30 دن کے اخراجات کا تخمینہ ڈھائی سے 3 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

بندش سے سب سے زیادہ ائیرانڈیا متاثر ہوئی ہے جو حکومت سے امداد کا مطالبہ کرچکی ہے اس کے علاوہ آکاسا ائیر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ائیر اور ائیرانڈیا ایکسپریس کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے جزوی متاثرہیں۔

امرتسر، دہلی، احمدآباد، بنگلور جے پور کی پروازوں کو لگ بھگ پورے بھارت پر سفر کرکے بحیرہ عرب سے گزرنا پڑ رہا ہے، ذرائع کے مطابق یہ پابندی برقرار رہی تو بھارتی ائیر لائنز کو کرایوں میں غیر معمولی اضافے کے علاوہ روٹس کے رد و بدل کے فیصلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.