چیئرمین پی ٹی اے باچا خان مرکز معذرت کیلئے پہنچ گئے

0 13

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان ایمل ولی خان سے تلخ کلامی پر معذرت کے لیے باچا خان مرکز پہنچ گئے۔

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان باقاعدہ جرگہ لے کر باچا خان مرکز پہنچے، اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان نے چیئرمین پی ٹی اے کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے خود یہاں پر آئے جو بڑی بات ہے، یہ محض ایک حادثہ تھا، پشتون تو سر کے دشمن کو بھی معاف کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کدورتیں ختم ہوگئی ہیں، اب میں چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف تحریک استحقاق واپس لے لوں گا، باچا خان مرکز پشتونوں کا گھر ہے، ہم یہاں آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اے این پی سربراہ ایمل ولی خان اور چیئرمین پی ٹی اے کے درمیان سینیٹ کمیٹی اجلاس میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے ایمل ولی خان پر چرس پینے کا الزام لگایا تھا جس پر اے این پی رہنما نے شدید احتجاج کیا، ایمل ولی خان کے احتجاج پر بعد ازاں چیئرمین پی ٹی اے کو اجلاس چھوڑ کر جانا پڑا تھا اور معذرت بھی کی تھی تاہم ایمل ولی نے معذرت قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.