وزیراعظم شہباز شریف دوست ممالک کے دورے کے اگلے مرحلے میں ایران کا دورہ مکمل کرکے آذربائیجان پہنچ گئے۔
وزیراعظم آذربائیجان کے صدر کی دعوت پر لاچین کے ہوائی اڈے پہنچے جہاں آذربائیجان کے وزیرخارجہ اور پاکستانی سفیرقاسم محی الدین نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کےلیے لاچین شہر پہنچے ہیں۔
حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ آذر بائیجان کے بعد تاجکستان جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے اپنا دو روزہ دورہ ایران مکمل کیا، اس دوران وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم اور ایرانی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں پاکستان ایران تعلقات بالخصوص تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی جب کہ بھارت کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کی کوششوں کو سراہا گیا۔
اس کے علاوہ ملاقاتوں میں اسٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی اور غزہ میں جاری صیہونی مظالم کی فوری روک تھام پر گفتگو کی گئی۔