سندھ میں لاڑکانہ خیرپور روڈ پر سیشن جج کے سکواڈ پر فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ سیشن جج سمکان احمد سکھر سے لاڑکانہ جارہے تھے کہ راستے میں ٹنڈو مستی تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکار مقبول شیخ شہید ہو گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکار مقبول شیخ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبول شیخ نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلیٰ مرتبہ پایا۔
انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید مقبول شیخ کے غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
محسن نقوی نے حملے میں زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکاروں اقبال ملانو اور صغیر احمد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے ہماری سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔