کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی اور بغیرلائسنس موٹرسائیکل اور گاڑی چلانے پر بھاری جرمانوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سندھ کے وزیرداخلہ و قانون ضیا لنجار کے زیرصدارت موٹر وہیکلز رولز میں ترمیم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑی پر 2لاکھ ،پرائیویٹ پر 1لاکھ اور موٹرسائیکل پر 25 ہزار جرمانہ ہوگا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بغیرلائسنس ڈرائیونگ پر موٹرسائیکل پر 25 ہزار اور کار پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔اجلاس میں کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں کی فٹنس تھرڈ پارٹی کے ذریعے لازمی قراردینے کا فیصلہ کیا گیا اور چار سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنےکے لیے ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس سے خطاب میں ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ دو سیٹر رکشوں کو سڑکوں پر آنے کیلئے پیشگی اجازت نامہ لینا ہوگا۔
اجلاس میں واٹرٹینکرز اور ڈمپرز میں ٹریکر اور سینسر اور مال بردار گاڑیوں میں کم از کم پانچ کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ کے زیرصدارت اجلاس میں ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ پر پہلی بار 1لاکھ روپے، پھر2 اور 3لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔