فیلڈ مارشل کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ،پاک فوج کے جوانوں کیساتھ عید منائی

0 8

عیدالاضحیٰ کے موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ منائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحی اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی، ایل او سی پہنچنے پر کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے عیدالاضحیٰ کی نماز بھی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر ادا کی، نماز عید کے بعد وطن کی ترقی و استحکام ،شہدا کے ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا اور بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، عید پر گھر والوں سے دور رہنا مادر دفاع وطن کے اعلیٰ قومی مقصد کو پورا کرتا ہے۔

آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جرات مندانہ موثر جواب سے پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا مناسب بدلہ لیا۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا اور شہدا، غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوس میں مثالی کارکردگی کو بھی سراہا جب کہ آرمی چیف کے دورے کا مقصد فرنٹ لائن دستوں کے ساتھ عید منانا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.