وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب اور تاجک صدر سے رابطہ، ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی

0 5

عیدالاضحی پر وزیراعظم شہباز شریف کے تاجکستان کے صدر امام علی اور ملائیشیا کے ہم منصب داتو سری انور ابراہم سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے، اس دوران رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تاجکستان کے صدر امام علی سے ٹیلی فونک رابطہ میں دورہ دوشنبے میں مہمان نوازی پر تاجک صدر اور حکومت سے اظہار تشکر کیا۔شہباز شریف نے گلیئشرز کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی جب کہ پاک بھارت کشیدگی میں تاجکستان کے متوازن موقف کو سراہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینےکی کوشش کی، امریکا اور دوست ممالک کی ثالثی سے بھارت کے خلاف جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔وزیراعظم نے تاجک صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔دوسری جانب، وزیراعظم اور ان کے ملائیشیا کے ہم منصب داتو سری انور ابراہم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔

رہنماؤں نے مسلم امہ کے اتحاد، خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے امن و سلامتی کی دعا کی جب کہ شہباز شریف نے پاکستان بھارت کشیدگی پر ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا۔وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کا خواہاں ہے، بھارت کی اشتعال فوجی کارروائیوں کے جواب میں بروقت اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے رواں سال کے آخر میں ملائیشیا کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.