خیبرپختونخوا میں محکمہ اینٹی کرپشن نے مالی سال 25-2024 کے دوران ریکارڈ 4 ارب 91 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ ریکوری گزشتہ سال کے مقابلے میں 176.8 فیصد زیادہ ہے۔
سال 24-2023 میں اینٹی کرپشن نے مختلف عناصر سے 1 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ مالی سال 23-2022 میں 2 ارب 3 کروڑ روپے کی ریکوری کی تھی، موجودہ مالی سال میں ہونے والی 4.91 ارب روپے کی ریکوری نہ صرف ادارے کی بھرپور کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس سے صوبے کو نمایاں مالی فائدہ بھی پہنچا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے مطابق اس شاندار کامیابی کے پیچھے ادارے کی جانب سے کئے گئے مؤثر عملی اقدامات، بہتر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی شامل ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق مستقبل میں بھی بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی وسائل کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔