شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، اسرائیلی حملوں کی مذمت

0 11

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر پاکستان حکومت ایران اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔وزیراعظم نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر پزشکیان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کیلئے فوری اور قابل اعتبار اقدامات کرے، پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پوری طرح پُرعزم اور اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ایرانی صدر پزشکیان نے اس مشکل وقت میں بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، انہوں نے وزیراعظم کو اسرائیل کے ساتھ بحران پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔ایرانی صدر نے عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.