وزیراعظم شہباز شریف نے پی این ایس سی کے بیڑے میں اضافے کیلئے لیز پر بحری جہاز لینے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چودھری اور پی این ایس سی کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
دوران بریفنگ وزیر اعظم کو PNSC کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ادارے کے پاس مختلف نوعیت کے دس بحری جہاز ہیں جو کہ 724,643 ٹن کارگو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پی این ایس سی کے بیڑے میں اضافے کیلئے لیز پر بحری جہاز لینے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی این ایس سی کے بیڑے میں بحری جہاز کم ہونے کی وجہ سے سمندر کے راستے تجارت پر قومی خزانے سے سالانہ 4 بلین ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے، دو ہفتے کے اندر اندر پی این ایس سی کا بزنس پلان پیش کیا جائے جس میں قومی خزانے سے سالانہ 4 بلین ڈالر کا بوجھ ختم کرنے کا لائحہ عمل شامل ہو۔