سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس, پاکستان کا ایران سے اظہارِ یکجہتی، حقِ دفاع کی حمایت

0 116

پاکستان نے امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی، سلامتی کونسل کشیدگی کم کرنےکےلیے فوری اقدامات کرے، ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔روس، چین اور پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی گئی جس میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور عالمی قوانین کی پاسداری، شہریوں کے تحفظ اور مذاکرات سے حل پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کرتاہوں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتےہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں کونسل اراکین نے کشیدگی سے آگاہ کیا تھا، پاکستان نے یواین چارٹر کے مطابق اصولی مؤقف اپنایا، تنازع کے پر امن حل کے لیے سفارتکاری کو موقع دیا جائے ،چاہتے ہیں کہ تنازع کا پر امن حل نکالا جائے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، ارکان پر فرض ہےکہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کریں، کونسل کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.