وزیر اعظم کی بجلی کے سمارٹ میٹرز کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت

0 5

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب مکمل کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت بجلی شعبے کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا کہ بجلی شعبے کی اصلاحات سے عوامی ریلیف اور صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی شعبے میں نقصان کرنے والی جینکوز کی نیلامی کے دوسرے اور تیسرے مرحلوں کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ جینکوز کی نیلامی کے عمل کو دیگر نجکاری کے پروگرامز کی طرح میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا عمل مکمل ہو چکا جس سے بلوچستان کے زرعی شعبے کی پیداور میں اضافہ ہوگا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے، ملک بھر میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے ترسیل و ٹرانسمیشن نظام کی بہتری کیلئے مجوزہ منصوبوں پر کام جلد شروع کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حالیہ موسم سرما میں بجلی صارفین کو نرخوں میں سہولت فراہم کی۔وزیراعظم نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے ماحول دوست اور کم لاگت منصوبوں کو جلد مکمل کر کے عوام کو مزید سہولت دینے کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہیں۔اجلاس کو بجلی شعبے کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے حوالے سے جاری اصلاحات اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.