پاکستان کا پانڈا بانڈ کے اجرا کیلئے چین میں روڈ شو، سرمایہ کاروں میں پذیرائی

0 11

حکومتِ پاکستان نے پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے چین میں سرمایہ کاروں کے ساتھ پیشگی مارکیٹنگ پر مبنی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔وزارتِ خزانہ کے وفد نے ممکنہ سرمایہ کاروں، انڈر رائٹرز، ممکنہ ضمانت دہندگان، چینی ریٹنگ ایجنسی اور چینی قانونی مشیروں کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کیے ہیں، ریگولیٹری عمل، کریڈٹ کے تحفظ سے متعلق انتظامات اورآئندہ اجرا میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا ہے کہ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال اور مستقبل کے امکانات، قرضوں کے انتظام سے متعلق جاری اصلاحات اور مجوزہ پانڈا بانڈ ٹرانزیکشن کے ڈھانچے اور پیش رفت پر توجہ مرکوز رہی۔

میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کے مطابق اس غیر تجارتی روڈ شو (این ڈی آر) کو ابتدائی طور پر سرمایہ کاروں کی جانب سے خاصی دلچسپی حاصل ہوئی جو پاکستان کی اصلاحاتی سمت پر اعتماد اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں اس کی بڑھتی ہوئی ساکھ کا مظہر ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ سرمایہ کاروں سے فعال رابطے اور چین کی مقامی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے فنڈنگ کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پانڈا بانڈ کا پہلا اجرا رواں سال متوقع ہے، جو کہ تمام دستاویزات کی تکمیل اور درکار منظوریوں، بشمول کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے کریڈٹ گارنٹی کے بعد عمل میں آئے گا۔

یہ سنگِ میل اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اب چین کی وسیع اور متنوع مقامی بانڈ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے، اپنے سرمایہ کاروں کا دائرہ وسیع کرنےاور کثیرالجہتی شراکت داروں کی پشت پناہی سے مقامی کرنسی میں مالی وسائل حاصل کرنے کی سٹریٹجک سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

اب تک اس روڈ شو کی کامیابی حکومت کے اُس عزم کی عکاسی کرتی ہے جو جدید اور مستقبل بین مالیاتی سفارت کاری پر مبنی ہے اور یہ ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اعتماد اور ساکھ کے ساتھ نئی سرمایہ مارکیٹوں میں داخلے کے لیے تیار ہے۔اس سے قبل وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کا حجم تقریباً 300 ملین ڈالر ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.