ملک میں مون سون کا دوسرا سپیل جاری، لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے

0 9

ملک میں مون سون کا دوسرا سپیل جاری ہے، کئی شہروں میں بارش ہوئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے بادل برس پڑے، ڈیفنس، غازی روڈ، فیروز پور روڈ، والٹن اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی، کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

بہاولنگر اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، منچن آباد میں بارش ہوئی، گلیاں اور سڑکیں زیر آب آگئیں، مری اور گردو نواح میں موسلادھار بارش ہوئی، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

راجن پور میں کوہ سلیمان پر مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، نالہ چھاچھڑ میں پچاس ہزار کیوسک کے سیلابی ریلے کی آمد ہوئی، نہر میں شگاف سے کپاس اور چاول کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا، پشاور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

ضلع خیبر کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، گاڑی ریلے میں بہہ گئی، ملاکنڈ کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان آگیا، دیوار گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.