مہنگائی سے عام آدمی پریشان، ہمسایہ ممالک خوشحال، ہم مفلوج ہوگئے، فضل الرحمان
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک خوشحال، ہم معاشی طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔
فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ جاگیر داروں کی گرفت کو توڑیں گے، ہم ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں،پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم نے آئین کو اسلامی بنانے کے لیے ہرفورم پرآوازبلند کی، یہ وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا، اس کی نظریاتی بنیادوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان میں مخصوص لابی مذہبی اقدار کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ختم نبوت کے معاملے پر سپریم کورٹ کو مؤقف بدلنے پر مجبور کیا، دنیا بھر میں مذہب کی توہین کی جا رہی ہے، اس پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت خوش آئند ہے، ان کی شمولیت سے جماعت کا قافلہ مزید مضبوط ہوگا اور دین اسلام کے فروغ میں تقویت ملے گی۔