پی ٹی آئی کا نام تو رہے گا لیکن اسمبلیوں میں انکے ارکان آزاد امید وار ہوں گے: کنور دلشاد
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مجموعی طور پر قومی دھارے سے باہر آ گئی ہے، پی ٹی آئی امیدوار اب آزادحیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔
کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کا نام تحریک انصاف تو رہے گا لیکن قومی اور صوبائی اسمبلی میں ان کی نشستیں آزاد امیدوارکی حیثیت سے تصور ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین کی مخصوص نشستیں بھی اب ختم ہو گئی ہیں اور مارچ میں سینیٹ کی 52 نشستیں خالی ہو رہی ہیں، سینیٹ میں پی ٹی آئی کا کوٹہ 20 سے 22 سینیٹرکا تھا لیکن پی ٹی آئی اب اس سے بھی باہر آگئی ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار اب آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔