سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ لاہور میں پانی کی بات وہ کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میں پانی نہیں ملتا۔
شہباز شریف نے لاہور میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 123 کا دورہ کیا، ریلی سے خطاب میں شہباز شریف نے نام لیے بغیر بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ لاہور میں پانی کی بات وہ کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میں پانی نہیں ملتا، ادھر تو پانی بھی ملتا ہے اور کھانا بھی ملتا ہے۔
کس نے ملک میں لاکھوں بچیوں اور بچوں کو لیپ ٹاپس دیے، کون تھا جس نے ملک میں اسپتال بنائے، مفت علاج کرایا؟ نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھر بچوں اور بچیوں کومزید لیپ ٹاپس دیں گے۔
بعد ازاں شہبازشریف کے گجومتہ چوک پہنچنے پر کارکنوں نے گل پاشی کی گئی اور وہاں ریلی سے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ میٹرو بس کی کس طرح مخالفت کی گئی کسی نے کہا جنگلہ بس ہے۔
بے بنیاد الزامات لگائے گئے، ادھر میٹرو چل رہی ہے اس میٹرو کو اب قصور تک لے کرجائیں گے، اگر آپ نے نوازشریف کو 8 فروری کو دوبارہ منتخب کیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔