عام انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، نگران وزیر داخلہ بلوچستان

0 93

بلوچستان کے نگران وزیر داخلہ زبیر جمالی نے کہا ہے کہ ملک صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کی طرف گامزن ہے اور اب عام ا نتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔

انہوں نےمیڈیا کو بتایاکہ بلوچستان حکومت عام انتخابات کے پرامن انعقادکو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کر رہی ہے، صوبے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں ٹوٹل 5067 پولنگ اسٹیشنز میں 2055 حساس ترین، 2280 حساس اور 832 پولنگز کو نارمل قرار دیا گیا ہے، شہری علاقوں میں پولیس اور دیہی علاقوں میں لیویز فورس تعینات ہوگی۔

ایف سی اور پاک آرمی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جس کے لیے نزدیکی کچھ پولنگ اسٹیشنز کے حساب سے سول فورسز کی مدد کے لیے ایف سی اور ریگولر آرمی کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔

حکومت بلوچستان الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو یکساں سکیورٹی دینے کے لیے تیار ہے، اگر کسی کو اس بارے میں کوئی خدشات ہیں تو وہ محکمہ داخلہ کو آگاہ کرے، حکومت انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.