کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ شروع

0 128

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

اب کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، اسکیم 33، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کلفٹن میں اس وقت تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جو مزید آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہ سکتی ہے، بارش گرنے کی رفتار 82 ملی میٹر فی گھنٹہ ہے، مغربی سسٹم کا کچھ حصہ شہر پر انتہائی متحرک ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل شارع پر 75 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سرجانی ٹاؤن میں 63.8 ملی میٹر اور ملیر ہالٹ میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش کورنگی میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ شب کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کا پانی اب بھی مختلف مقامات پر موجود ہے جبکہ شہر میں برسات کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور کورنگی کازوے سے برساتی پانی کا اخراج جاری ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے، ڈیفنس کورنگی روڈ پرپانی جمع اور ٹریفک جام ہونے سے کئی گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بھی معطل ہو گئی تھی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.