ووٹوں کی خریدوفروخت، الیکشن کمیشن کا پیپلز پارٹی اور ن لیگی امیدوارکو نوٹس
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر این اے 127 لاہور میں ن لیگ کے امیدوار عطا اللہ تارڑ اور پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار میاں مصباح الرحمان کو نوٹس جاری کردیے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمشنر پنجاب کے احکامات پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکارروائی کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ اور میاں مصباح الرحمان کو نوٹس جاری کیےگئے ہیں۔
دونوں کو ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت اور پارٹی دفتر پر حملےکے تناظر میں نوٹس جاری کیےگئے ہیں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے دونوں امیدواران کو 5 فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب کیا ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو فوری ایکشن لینے اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ایک دوسرے پر ووٹ خریدنےکا الزام لگایا تھا جب کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ پر اپنے پارٹی دفتر پر حملےکا الزام بھی لگایا تھا۔