معیشت کی بحالی اولین ترجیح ، بلیک اکانومی کو ہاتھ ڈالنا ضروری ہے، عطا تارڑ

0 96

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ بلیک اکانومی پر ہاتھ ڈالنا انتہائی ضروری ہے، معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے نجی نیوز چینل کو بتایاکہ بجلی چوروں، ٹیکس چوروں اور ٹیکس ادارے کے کرپٹ افسران پر ہاتھ ڈالنا بہت ضروری ہے، انہیں پکڑنے کا تہیہ کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں خیبر پختونخوا سمیت چاروں صوبوں نے بجلی چوری کے خلاف تعاون کا یقین دلایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاق تعاون کرے گا تو ہم دس گنا تعاون کریں گے، وفاق ہمارے واجبات ادا کرے اور دہشتگردی کے خاتمے میں مدد کرے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ ملکی معیشت کو بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں، وفاق معاشی بحران سے اکیلے نہیں نمٹ سکتا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اپنی انا اور اختلافات ختم کریں اور مل کر ملک کو بنائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ آگے ہمیں بہت کڑوے فیصلے کرنے ہیں، ان فیصلوں کا بوجھ ان طبقوں پر آنا چاہیے جو یہ بوجھ اٹھا سکیں، ماضی میں اشرافیہ کے لیے سبسڈیز دی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.