پراپرٹی لیکس، جائیداد کو جمع کرائے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیا ہے،محسن نقوی
نجی نیوز چینل کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اہلیہ کے نام دبئی میں خریدی جائیداد باقاعدہ ڈیکلیئرڈ ہے، جائیداد کو جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر کیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے جمع کرائےگئے گوشواروں میں بھی اس جائیداد کو ظاہر کیا تھا،ایک برس قبل جائیداد کو فروخت کر دیا تھا اور فروخت کردہ جائیداد کی رقم سے چند ہفتے قبل ایک اور پراپرٹی خریدی ہے۔
خیال رہے کہ دبئی میں غیر ملکیوں کی تقریباً 400 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے جس میں پاکستانیوں کی بھی 11 ارب ڈالر کی جائیدادیں شامل ہیں۔
پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلیہ دبئی میں جائیداد کی مالک ہیں جس کا محسن نقوی نے رواں برس مارچ میں سینیٹ الیکشن کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا تھا۔
پراپرٹی لیکس کے ڈیٹا کے مطابق محسن نقوی کی اہلیہ عریبیئن رینچز میں پانچ بیڈ روم وِلا کی مالک ہیں۔ انہوں نے اس وِلا سے کرائے کی مد میں 6 لاکھ درہم یعنی تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ کی آمدنی حاصل کی۔