سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے

0 80

صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے بتایا کہ پاکستان کے معروف سینئر اداکار، ہدایتکار اور صداکار طلعت حسین کافی عرصے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

طلعت حسین کی صاحبزادی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے،طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے،طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں اداکاری کا آغاز کردیا تھا۔

طلعت حسین کافی روز سے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے، وہ شروع سے ہی آرٹس کونسل کراچی کے رکن رہے ہیں اور وہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں بھی شامل تھے۔

مرحوم طلعت حسین ایک بہترین انسان اور زبردست آرٹسٹ تھے، انہوں نے متعدد ملکی و غیرملکی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی انسٹاگرام پر اداکار کے انتقال کی خبر شیئر کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

لندن سے تعلیم حاصل کرنے والے طلعت حسین نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کیا جنہوں نے بعدازاں برطانوی ٹی وی سمیت بالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔

سینئر اداکار کو 2021 میں ستارہ امتیاز (اسٹار آف ایکسیلنس) اور 1982 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انہیں 2006 میں نارویجن فلم ‘امپورٹ ایکسپورٹ’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے امانڈا ایوارڈ اور فلم ‘مس بینکاک’ میں بہترین معاون اداکار کے لیے 1986 میں نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.