وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ میں جنگلات و جھاڑیوں میں ایک ہی دن 15 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ پر 24 سے زائد گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیاہے تاہم وفاقی وزیرداخلہ نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایک روز میں 15 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کیلئے فوری کمیٹی تشکیل دی جائے۔
واضح رہے کہ آگ سیدپور رینج ٹریل تھری پر لگی اور نورپور رینج ٹریل5 کی طرف پھیلی جس کے بعد آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز استعمال کیے گئے، آگ بجھانے کے لیے 200 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔