اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،کراچی میں ہلکی بارش کا امکان

0 67

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے،ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش اور لاہور میں تیز ہواوؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سویرے بادل برس پڑے جس کے سبب گوجرانوالہ اور جہلم میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ متعدد فیڈرز ٹرپ کرجانے سے بجلی معطل ہوگئی۔

اس کے علاوہ سرگودھا، نارووال، شکر گڑھ، مظفر آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سماہنی میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا۔

مری، بھمبر اور وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بھی بارشں سے موسم خوشگوار ہوگیا،ماہرین کی جانب سے پنجاب میں بارش کا یہ سلسلہ 2 روز تک چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں مطلع ابر آلود، دوپہر کے بعد ہلکی بارش کا امکان

شہر قائد میں آج دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے بعد کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے،رواں سال، کراچی میں جولائی کے دوران تین راتیں گرم ترین ریکارڈ کی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی آگئی تاہم نمی میں اضافے کے باعث اصل درجہ حرارت سے 9 درجے زائد محسوس ہو رہا ہے۔

شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے،واضح رہے کہ گزشتہ شام سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.