دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ، دریائے سندھ سے ملحقہ اضلاع میں فلڈ وارننگ

0 62

پی ڈی ایم اے نے کمشنر سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور کمشنر بہاولپور کو الرٹ جاری کردیا جب کہ ڈی سی میانوالی، بھکر ،لیہ، مظفرگڑھ، راجن پوراور رحیم یار خان کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال چند روز برقرار رہنے کا خدشہ ہے، تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جب کہ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو 1122 کی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور دریاؤں کے پاٹ میں مقیم لوگوں اور مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں،ون سون بارشوں سے دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

رواں سال مون سون سیزن کے دوران آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث 55 شہری جاں بحق اور 145زخمی ہوگئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اےکا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں سے دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا ہے ،13 اگست تک دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہےجب کہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے تاہم ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے آنے والے 3 ہزار کیوسک پانی کے ریلوں نے پٹ فیڈر کینال، جو ڈھیر شاخ، ڈرینج اور شاہی کینال کو متاثر کیا ہے جب کہ سیلابی ریلوں کے باعث پٹ فیڈر کینال اور جوڈھیر شاخ میں 14شگاف پڑگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ آب پاشی کے عملے نے 12شگاف پر کردیے لیکن پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے 2 شگاف ابھی تک پر نہیں کیے جاسکے ہیں، پٹ فیڈر کینال کا 30 کلو میٹر علاقے پہلے ہی مٹی اور کیچڑ سے بھر ہوا ہے اور ڈیرہ بگٹی سے آنے والاسیلابی ریلا مزید مٹی نہر میں لے آیا ہے۔

صادق عمرانی نے بتایا کہ پٹ فیڈر کینال کی صفائی کیلئے وزیراعلیٰ سے فنڈز مانگے ہیں، فنڈز ملتے ہیں نہر کی صفائی شروع کردی جائے گی،دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بلوچستان کے 10 اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ میں 21، خضدار میں 3، لسبیلہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر بدھ کو ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کی کلی ملک دین محمد سیگی میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی رہی جب کہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.