مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام مولانا عبدالغفور حیدری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ جے یو آئی ایسی کسی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی جو بنیادی حقوق کے منافی ہو، آئینی ترامیم پر جے یو آئی نے اپنا واضح موقف دیا، ہم نے پوری قوم کو مشکل سے بچا لیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ آئین کو کھیل نہ بنائیں، اگر ترمیم کرنی ہے تو تقاضے بھی پورےکریں، جے یو آئی ایسی کسی ترمیم کا حصہ نہیں جو بنیادی حقوق کے منافی ہو، آئین میں آرڈیننس کی کوئی اہمیت نہیں اور اسے صرف وقتی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بلوچستان میں دو نوجوان پوری قومی شاہراہ بند کر دیتے ہیں، بلوچستان کے حالات اس نہج پر کیسے پہنچے؟ بلوچستان کے وسائل پر وفاق نے قبضہ کیا ہوا ہے، طاقت کا استعمال کیا جائے گا تو مزید خرابیاں پیدا ہوں گی، طاقت کےذریعے بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سنجیدہ مطالبات کو دیکھ کرانہیں حل کیا جائے۔
کچے کا چھوٹا سا علاقہ ہے مگر آئے دن لوگوں کو اغوا کیا جاتا ہے، ان علاقوں میں کہیں بھی حکومت کی رٹ دکھائی نہیں دے رہی، حکومتی عہدیدار اعتراف کرچکے ہیں کہ حکومت نہیں چل رہی، یہ حکومت مزید نہیں چل سکتی اس لیے فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔