میئر کراچی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری

پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ

0 66

کراچی(شوریٰ نیوز)میئر کراچی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری،پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ،شہر قائد کے میئر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کے لیے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری تھی اور مختلف اوقات میں 303 ارکان کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کردیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 33 ارکان غیر حاضر ہیں۔ پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے شو آف ہینڈز کرا دیا گیا، جس کے بعد انہیں ووٹ دینے والوں کی گنتی اور اندراج کیا جا رہا ہے۔قبل ازیں پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو شناخت کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اراکین کی سہولت کے لیے 4 کاؤنٹرز بنائے گئے تھے، جہاں منتخب نمائندوں نے شناختی کارڈ دکھا کر ووٹنگ کارڈ حاصل کیا۔ ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ڈپٹی میئر کے لیے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں 9 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخابی معرکہ بھی آج ہوگا جب کہ 11 ٹاؤنز میں چیئرمین، وائس چیئرمین پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.