مہم جوئی کے دوران ہلاک ہونیوالی خاتون کوہ پیما کی تاحال لاش نہ ملی
نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے کے دوران گر کر ہلاک ہونے والی چیک ری پبلک کی خاتون کوہ پیما کی تاحال لاش نہ ملی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیامر نظام الدین کےمطابق غیرملکی خاتون کوہ پیما کی لاش کی تلاش کیلئے ہیلی کاپٹرز آپریشن کیا گیا لیکن کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے اگلے مرحلے پر غور کیا جا رہا ہے اور ہیلی کاپٹر آپریشن ختم کر کے سکردو روانہ کردیئے گئے ہیں، کوہ پیما کی لوکیشن ٹریس کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ 47 سالہ غیر ملکی خاتون کولاو شاوا کلارا 7 رکنی ٹیم کے ہمراہ 17جون کو بونر بیس کیمپ پہنچیں اور نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے نکلی تھیں، اسی دوران کیمپ ون اور ٹو کے درمیان چوٹی سے گر گئیں، کلارا کا شمار مایہ ناز کوہ پیماؤں میں ہوتا تھا، وہ کے ٹو اور ایوریسٹ بھی سر کر چکی تھیں۔