وینزویلا نے کیوبا کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا امریکی فیصلہ مسترد کردیا

0 47

وینزویلا کی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کیوبا کو دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی فہرست میں دوبارہ شامل کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔

عالمی میڈیا نے وینزویلا کی وزارت خارجہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ یہ بے بنیاد اقدام دشمنی کا اظہار، بین الاقوامی اصولوں سے متصادم اور امن و تعاون کے لئے عالمی کوششوں کے لیے باعث نقصان ہے۔

وزارت خارجہ نے زور دیا کہ وینزویلا اس غیر منصفانہ اقدام کی مذمت کرتا ہے اور دنیا کی عوام اور حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے فیصلوں کی مذمت اور اسے واضح طور پر مسترد کریں جو خود مختاری کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور کیوبا کے عوام کے خلاف غیر انسانی ناکہ بندی کو جواز فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وینزویلا کی حکومت نے کیوبا کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی اور سامراجی تسلط کی کسی بھی کوشش کے خلاف عوام کے حق خود ارادیت کا دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ اپنی انتظامیہ کے آخری دنوں میں جو بائیڈن نے کیوبا کو دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی فہرست سے نکال دیا لیکن نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کے پہلے دن ہی اس فیصلے کو واپس لے لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.