غزہ سے جنگ کا مستقل خاتمہ تمام دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے؛ اقوام متحدہ

0 115

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کا خاتمہ پوری دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے قاہرہ میں آج سے شروع ہونے والے عرب لیگ کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں کیا۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ کسی حملے پر حق دفاع کا مطلب اس پوری قوم پر جنگ مسلط کرنا نہیں ہوتا۔ 7 اکتوبر حملوں کا خمیازہ فلسطینی عوام بھگت رہے ہیں۔

انتونیو گوتریس نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اسرائیل کے تمام یرغمالیوں کی غزہ سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

امریکی صدر کے تعمیر نو کے منصوبے کا نام لیے بغیر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں تعمیر نو وہاں سیاسی ڈھانچے کی دستیابی تک ممکن نہیں۔

انتونیو گوتریس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کو فلسطینی ریاست کا حصہ ہونا چاہیے اور فلسطینی اتھارٹی کو غزہ میں انتظامی ڈھانچہ میں حصہ دار ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی کہ غزہ میں موجودہ کشیدہ صورتحال کا واحد حل دو ریاست کا قیام ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.