دہشت گردوں کا بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ، اقوام متحدہ کی سخت مذمت

0 105

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی شدید مذمت کی ہے اور یرغمال بنائے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان دوجارک کے مطابق گوتریس نے واضح کیا کہ شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں اور عالمی برادری کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

منگل کے روز بلوچستان میں مبینہ بلوچ مسلح افراد نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا۔ یہ ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی اور اس میں تقریباً 500 مسافر سوار تھے۔ حملہ گُدالار اور پیرو کونڑی کے درمیان کیا گیا، جس کے بعد ٹرین کو پٹری سے اتار کر قبضہ کر لیا گیا۔

بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چھ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا اور 100 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا، جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ BLA نے مزید دھمکی دی کہ اگر پاکستانی فوج نے آپریشن کیا تو تمام یرغمالیوں کو قتل کر دیا جائے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.