بھارتی نوجوان نے پاکستان مخالف بیان دینے پر مجبور کرنے والے صحافی کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور اسے کھرے کھرے جواب دے کر لاجواب کردیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ان دنوں کافی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بھارتی صحافی ایک نوجوان کو پاکستان مخالف بیان دینے پر مجبور کرتا نظر آ رہا ہے اور آس پاس دیگر لوگ بھی کھڑے ہیں۔
بھارتی صحافی نے پاکستان کا دفاع کرنے والے نوجوان سے پوچھا کہ آپ کا نام کیا ہے اور آپ کا تعلق کہاں سے ہے؟
نوجوان نے جواب دیتے ہوئے کہا ’میرا نام محمد کیف ہے اور میں بہار سے ہوں’، صحافی نے نوجوان سے کہا کہ ’آپ کو تھوڑی سی بھی شرم نہیں آ رہی کہ بھارت میں رہتے ہوئے آپ پاکستان کا دفاع کر رہے ہو؟‘
نوجوان نے بھارتی صحافی کو جواب میں کہا ’ نہیں، مجھے شرم نہیں آرہی اور آپ جو یہ خبر بنا رہے ہو تو آپ کو شرم نہیں آرہی کہ کیا خبر بنا رہے ہو؟ ہندو اور مسلمانوں کے بارے میں جھوٹی خبریں بنا کر پھیلا رہے ہو اور مجھے یہ بتاؤ کے اس معاملے میں بھارت کا دفاع کیوں کرنا ہے؟’
نوجوان نے مزید کہا کہ ‘پاکستان میں بھی ہندو اور مسلمان دونوں رہتے ہیں تو پھر کیوں ختم کرنا ہے؟‘
نوجوان نے مزید کہا ’سب انسان ہیں، سب کو زندگی جینے کا پورا حق ہے اور میں اس معاملے میں پاکستان کا دفاع کرتا ہوں‘۔