بی جے پی کے سابق رہنما اور مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ڈرپوک اور بے شرم آدمی قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں ماضی میں نریندر مودی کے قریب سمجھے جانے والے ستیہ پال ملک نے بھارتی وزیراعظم پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔
ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ نریندر مودی پہلگام واقعے پر پورے بھارت کو بے وقوف بنارہے ہیں، جنگی جنون کا ماحول بنانے والے مودی کچھ نہیں کریں گے، ان کے اندر نہ جنگ شروع کرنے کی ہمت ہے نہ جنگ جاری رکھنے کا حوصلہ ہے۔
سابق گورنر مقبوضہ کشمیر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے میں سکیورٹی میں ناکامی پر مودی کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے، نریندر مودی کے پاس پہلگام حملے کی انٹیلی جنس اطلاعات تھیں، تین روز پہلے انہوں نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ منسوخ کردیا اور حملے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی اے پی سی میں شرکت کے بجائے بہار چلے گئے تاکہ انتخابی مہم چلاسکیں۔
ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ مودی ہو یا امیت شاہ، انہیں کشمیر کے حقائق کا کوئی علم نہیں، کشمیر پر بھارتی حکومت کی سکیورٹی ریویو میٹنگز گپ شپ اور لنچ کے لیے ہوتی ہیں، مودی حکومت نااہلوں پر مشتمل ہے، مودی کو ملک میں ہندو مسلم فرقہ وارانہ تقسیم کو جاری رکھنے سے سیاسی فائدہ ہوتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر سے قبل بہار، میگھالیہ، گوا اور اڑیسہ کی ریاستوں میں بھی گورنر رہنے والے سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد جو 2 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں وہ غیر قانونی طور پر صرف شک کی بنیاد پر ہوئی ہیں، یقیناً یہ بھی زیادہ تر کشمیری اور مسلمان ہونے کی وجہ سے کی گئی ہیں، شک کی بنیاد پر کشمیریوں کے گھر گرانا غلط ہے۔