پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا رافیل طیارہ مار گرایا، فرانسیسی اہلکار کی تصدیق

0 4

فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ فرانسیسی ساختہ جدید جنگی طیارےکو کسی لڑائی میں نقصان پہنچا ہو۔

خیال رہے کہ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے گزشتہ شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔

احتیاط سے کام لیا ورنہ 10 جہاز بھی گراسکتے تھے: وزیراعظم
قومی اسمبلی سے خطاب میں شہبازشریف کا کہنا تھاکہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن پاک فوج نے بھارت کے اس مکروہ حملے کا جواب دے کر اس کو چاند رات بنا دیا، کالعدم بی ایل اے اور کالعدم ٹی ٹی پی کے بھارت کے ساتھ تانے بانے ملتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا گیا، جو کہتے تھے پاکستانی روایتی جنگ میں پیچھے ہے ان کا کل رات ہوش ٹھکانے آگیا ہے، پانچ بھارتی جہاز گرائے گئے یہ جہاز دس بھی ہوسکتے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت نے جو طیارے خریدے تھے ان پر اس کو بہت ناز تھا، چند دن پہلے بھارت کے رافیل طیارے اڑے ہماری ائیرفورس نے ان کی کمیونیکیشن لاک کردی، ہم پاک فضائیہ کے سربراہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں پتا تھا کہ بھارت کے کیا مذموم عزائم ہیں۔

وزیراعظم کا کہناتھاکہ بھارت کے 80 جہاز گزشتہ رات کے حملے میں شریک تھے، بھارت کے رافیل طیاروں سمیت پانچ طیاروں کومارگرایا گیا، بھارت کے دو ڈرون مارگرائے گئے ہیں، ہماری مسلح افواج ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل تیار تھیں، ہمارے پاس بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحیت سے متعلق اطلاعات تھیں۔

بھارتی اخبار کی پاک فضائیہ کے ہاتھوں 3 طیارے مار گرانے کی تصدیق
دوسری جانب بھارتی اخبار نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں 3 بھارتی جنگی طیاروں کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی روزنامہ "دی ہندو” نے باضابطہ طور پر یہ خبر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر گرے ہوئے طیاروں کی تصاویر کے ساتھ شیئر کی تاہم کچھ دیر بعد یہ خبر ہٹالی۔

بعد میں ایک بیان میں اخبار نے کہا وہ یہ خبر اس لیے ہٹا رہے ہیں کہ انہیں بھارتی حکومت نے ان طیاروں کے مار گرائے جانے کے بارے میں نہیں بتایا لہٰذا وہ اس خبر سے پیدا شدہ کنفیوژن پر معذرت خواہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.