باکو: اسراِئیلی اخبار نے نئی شامی حکومت اور اسرائیل میں خفیہ بات چیت کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ شام کی عبوری حکومت اور اسرائیلی حکام کے دروان ہونے والی خفیہ بات چیت میں شام کو معاہدہ ابراہمی میں شامل کرنےکا ایجنڈا بھی شامل ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق بات چیت قطر کے ذریعے آذربائیجان میں ہو رہی ہے جس میں ترکیے بھی شریک ہے، بات چیت میں اسرائیلی چیف آف آپریشنز ڈائریکٹوریٹ، شامی اور ترک حکام شامل ہیں۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل، شامی سرحد کی ازسرنو ترتیب کو خارج از امکان قرار نہیں دے رہا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شامی صدر احمد الشرع نے معاہدہ ابراہمی میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے عبوری صدر احمد الشرع کے درمیان سعودی عرب میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا شام کی نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک نئی شروعات کے لیےشام پر سے پابندیاں اٹھائی گئی ہیں۔