امریکا نیتن یاہو کیخلاف عدالتی کارروائی ہرگز برداشت نہیں کرے گا، ٹرمپ

0 8

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر کرپشن اسکینڈل کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئے اور عدالتی کارروائی کو خوفناک قرار دیدیا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے حماس کے ساتھ ڈیل کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ایسے نازک وقت میں اُن پر عدالتی کارروائی ڈیل کے عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو وزیراعظم ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے خلاف امریکا کے ساتھ مل کر بڑی کامیابیاں حاصل کر چکا ہو، کیا وہ سارا دن عدالت کے کمرے میں گزارے گا؟ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا ہر سال اسرائیل پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، جو دنیا کے کسی بھی ملک پر خرچ کی جانے والی رقم سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے واشنگٹن اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف اس عدالتی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی عدالت میں نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اور اُن کی حکومت فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے لیے دباؤ میں ہے۔دوسری جانب اسرائیل میں ایک بار پھر ہزاروں شہری نیتن یاہو حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، تل ابیب کی مرکزی شاہراہوں پر احتجاجی مظاہرین نے ریلیاں نکالیں اور حکومت پر یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر شدید تنقید کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی حکومت نہ صرف غزہ میں جاری جنگ کو طول دے رہی ہے بلکہ یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی واپسی کے لیے سنجیدہ اقدامات بھی نہیں کیے جا رہے۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت سے فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ پالیسی نہ صرف خطے میں مزید تباہی کا سبب بن رہی ہے بلکہ اسرائیلی معاشرے کو اندرونی طور پر بھی تقسیم کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.