امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بگ بیوٹی فل بل پاس کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے، اب یہ بل دستخط کے لئے صدر ٹرمپ کو بھیجا جائے گا۔
امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بل پر آج شام 5 بجے دستخط کریں گے، اس سے قبل یہ بل امریکی سینیٹ میں بھی صرف ایک ووٹ کی برتری سے پاس ہوچکا ہے ۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ اس بل کی منظوری کے ساتھ ہی ٹرمپ کی کئی اہم داخلی پالیسیوں کو قانون کا درجہ مل جائے گا جبکہ اس سے ملکی قرض میں مزید 3.3 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
اس قانون کے تحت ٹرمپ کی جانب سے 2017ء میں دی گئی ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کی جائے گی، ٹِپس اور اوورٹائم آمدن پر نئے ٹیکس ریلیف دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ فوجی اخراجات اور امیگریشن اداروں کے بجٹ میں اضافہ ہوگا جبکہ غریب افراد کے لیے صحت اور خوراک کی سکیموں میں کٹوتی کی جائے گی۔