امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسینٹ کا کہنا ہے کہ امریکا متعدد تجارتی معاہدوں کے نزدیک ہے، تجارتی معاہدوں سے متعلق کچھ بڑے اعلانات آئندہ چند روز میں متوقع ہیں۔امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ 100 چھوٹے ممالک کو خطوط بھیجے گی جن کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے بھیجے جانے والے خطوط میں ان ممالک سے تجارتی معاملات پر بات چیت کرنے کا کہا جائے گا اور کہا جائے گا کہ بات چیت آگے نہ بڑھائی تو ان پر ٹیکس واپس 2 اپریل کی سطح پر پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 9 اپریل کو دنیا بھر کے تجارتی شراکت داروں کو خبردار کیا تھا کہ اگر 3 ماہ کے اندر اندر تجارتی معاہدے طے نہ پائے تو وہ بھاری ٹیرف نافذ کریں گے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے دنیا بھر کے ممالک پر اضافی تجارتی ٹیکسوں کا اطلاق 9 جولائی تک روکا ہوا ہے۔