غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی طیاروں کی بمباری سے مزید 2 صحافی شہید ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق غزہ میڈیا دفتر نے بتایا ہے کہ صیہونی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 2 صحافی شہید ہوئے ہیں جس کے بعد7 اکتوبر سے اب تک شہید صحافیوں کی تعداد 112 ہوچکی ہے۔
غزہ میڈیا دفتر کے مطابق آج ہونے والے صیہونی حملوں میں صحافی عبداللہ بریس اور محمد ابو دائر شہید ہوئے۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق صیہونی طیاروں نے الفخور میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں صحافی محمد ابو دائر شہید ہوگئے۔
اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
خیال رہےکہ اتوار کو بھی غزہ میں تین فلسطینی صحافی صیہونی حملوں میں شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والے صحافیوں میں الجزیرہ نیوز کے بیورو چیف کے بیٹے بھی شامل تھے۔
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج کی بمباری سے مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ صیہونی بمباری سے غزہ میں ہر روز 10 سے زیادہ بچے معذور ہو رہے ہیں۔