صیہونی فوج کا غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری پکڑنے کا دعوٰی

0 187

صیہونی فوج نے غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری پکڑنے کا دعوٰی کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ اسلحہ فیکٹری وسطی غزہ کےالبوریج کیمپ میں زیرزمین تھی ،جو کہ 30 میٹرگہرائی میں سرنگوں کے وسیع نیٹ ورک سےجڑی تھی۔

صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فیکٹری میں 100 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کیے جاتے تھے۔فیکٹری سے بڑی تعداد میں تیار میزائل بھی برآمد ہوئے ہیں۔

صیہونی فوج کے مطابق سرنگوں کے ذریعےفیکٹری سے تیار اسلحہ غزہ کے تمام حصوں تک پہنچتا تھا، فیکٹری سے بڑی تعداد میں مارٹرشیل اور گولہ بارود بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ فیکٹری سے ڈرون، تیار راکٹ، رہنمائی کا نظام اور دیگر جنگی آلات بھی ملے۔

دوسری جانب صیہونی فوج نے البوریج کیمپ کے علاقے میں حماس کے کئی ارکان کو شہید کرنے کا بھی دعوٰی کیا ہے۔

ادھر صیہونی فوج نے غزہ کے ساتھ لبنان میں بھی حملے شروع کردیے۔جنوبی لبنان میں تازہ کارروائی میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام الطویل کو فضائی حملے میں شہید کر دیا۔

وسام الطویل حزب اللہ کے مزاحمتی یونٹ کے نائب سربراہ تھے، صیہونی فوج نے حزب اللہ کمانڈر کو جنوبی لبنان کے قصبے میں گاڑی میں سفر کے دوران نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج کی بمباری سے مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.