صیہونی فوج کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری، مزید 126 فلسطینی شہید

0 148

صیہونی فوج کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری سے مزید 126 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی حکومت کے وسطی اور جنوبی غزہ پر شدید حملے جاری ہیں،گزشتہ 24گھنٹوں میں صیہونی فوج کی کارروائی میں مزید 126 فلسطینی شہید اور 241 زخمی ہوگئے۔

ادھر مغربی کنارے میں بھی صیہونی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، فائرنگ کے نتیجے میں 4 نوجوانوں کو قتل کیا اور پھر زمین پر پڑے نوجوانوں پر گاڑیاں چڑھا دیں۔

اس کے علاوہ طولکرم میں صیہونی ڈرون حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے صیہونی فوج پر وار کرتے ہوئے صیہونی ٹینک تباہ کر دیا اور مزید 9 صیہونی فوجی ہلاک کر دیے۔7 اکتوبر سے زمینی آپریشن میں اب تک ہلاک صیہونی فوجیو ں کی تعداد 180 سے تجاوز کرگئی ہے۔

صیہونی فوج نے غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری پکڑنے اور حماس کے 40 ارکان شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

اس کے علاوہ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 3 ارکان شہید کر دیے جبکہ صیہونی وزیر خارجہ نے لبنان میں حزب اللہ کمانڈر وسام الطویل کے قتل کی ذمے داری بھی قبول کرلی ہے۔

ادھر مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی صیہونی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن نے نیتن یاہو پر غزہ میں شہریوں کا جانی نقصان کم کرنے، خطے میں پائیدار امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہدا کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔اقوام متحدہ کا کہناہے غزہ قحط کی طرف بڑھ رہا ہے، پناہ گاہوں میں جگہ نہیں رہی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.