صیہونی حکومت کا رفح میں زمینی آپریشن کا فیصلہ، برطانیہ، سعودیہ اور امارات سمیت کئی ممالک کی مذمت

0 156

صیہونی حکومت نے شمالی غزہ اور خان یونس کے بعد رفح شہر میں بھی زمینی آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور لبنان نے صیہونی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تباہ حال فلسطینیوں کی مزید تباہی کا اقدام قرار دیا ہے۔

صیہونی فیصلے کے بعد حماس نے بھی خبردار کر دیا ہے کہ صیہونی حکومت کا رفح میں زمینی آپریشن یرغمالیوں کی رہائی بات چیت کو ختم کردے گا۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے یونیسیف نے رفح میں زمینی آپریشن کے صیہونی منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی پہلے ہی کئی بار بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس رفح سے آگے جانے کی کوئی جگہ نہیں۔

صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ رفح میں حماس کے باقی رہ جانے والے دہشتگردوں کوختم کریں گے، جو کہہ رہے ہیں رفح میں آپریشن نہ کریں وہ ہمیں جنگ ہارنے کا کہہ رہے ہیں۔

ادھر غزہ میں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار 337 سے زیادہ ہوگئی جبکہ صیہونی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 67 ہزار سے زیادہ ہے۔

دوسری جانب القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ پچھلے چار روز میں صیہونی حملوں سے 2 صیہونی یرغمالی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.