ٹرمپ پر حملے کے بعد جو بائیڈن کا امریکی عوام سے اتحاد، یکجہتی اور تشدد کے خاتمے پر زور

0 108

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد صدر جو بائیڈن نے امریکی عوام سے اتحاد، یکجہتی اور تشدد کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

اوول آفس سے خطاب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہاکہ سیاسی بیان بازی کافی حد تک بڑھ گئی ہے، سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے، شکر ہے حملےمیں ٹرمپ شدید زخمی نہیں ہوئے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ معلوم نہیں کہ حملہ آور کا کیا مقصد تھا؟ اسے مدد حاصل تھی یا نہیں؟امریکا میں اس قسم کے تشددکی کوئی جگہ نہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں خطرات بہت زیادہ ہیں، سیاست میں کسی کی جان کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے، اختلاف کا مطلب دشمنی نہیں ہونا چاہیے، اختلافات بیلٹ باکس کے ذریعے حل کرتے ہیں، گولی سے نہیں، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔

اس سے پہلے گزشتہ روز دیے گئے بیان میں جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ٹرمپ پر حملے کی مکمل اور واضح تحقیقات کا حکم دیا ہے، نتائج سب کو بتائےجائیں گےری پبلکن کنونشن کے سکیورٹی اقدامات کیلئے سیکرٹ سروس کو ہدایات دے دی ہیں۔

یاد رہے کہ ہفتے کو امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو فوراً ہی مار دیا گیا۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.